کراچی کے مائی کلاچی روڈ کے قریب خشک مین ہول سے ملنے والی چاروں لاشوں کی شناخت ہو گئی ہے، پولیس کے مطابق مقتولین میں ایک خاتون اور اس کے تین بچے شامل ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ خاتون کی شناخت انیلہ کے نام سے ہوئی ہے، جو کھارا در کی رہائشی تھی۔ لاشوں کی شناخت انیلہ کی بہن نے کی۔ پولیس کے مطابق انیلہ طلاق یافتہ تھی اور نیو ایئر کے بعد سے لاپتہ تھی، جبکہ اس کے شوہر کی تلاش جاری ہے۔
مقتولین کی شناخت والدہ انیلہ، بیٹی عشرت زہرہ اور بیٹوں کونین اور حسنین علی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ممکنہ طور پر قتل میں سابقہ شوہر ملوث ہو سکتا ہے، تاہم حتمی رائے تفتیش کے بعد دی جائے گی۔
دوسری جانب پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مائی کلاچی روڈ کے قریب سے چار لاشیں ملنے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ ڈاکس میں درج کیا گیا ہے، جس میں قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق لالہ زار چوکی کی حدود میں واقع خشک مین ہول سے چار افراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئیں، جن میں دو خواتین اور دو مرد شامل تھے۔ چاروں افراد کو بہیمانہ تشدد کر کے قتل کیا گیا، جبکہ مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے ملنے والی مقتولین کی چپلیں اور دیگر سامان کو تحویل میں لے کر محفوظ کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔






















