وفاقی وزیر مذہبی امور نے اعلان کیا ہے کہ حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کمی کردی، مزید بھی سستا کیا جائے گا۔ انہوں نے 2024ء میں اسکردو سے بھی حج فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے عوام کو ایک اور خوشخبری سنا دی۔ کہا کہ حج اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی کردی، مزید بھی سستا کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی ایپ اور کیو آر کوڈ بنا رہے ہیں جس سے حاجی گم ہوگا نہ ہی اُس کا سامان، کوشش ہے حجاج کی رہائش کعبے کے قریب ہو۔
نگراں وفاقی وزیر نے رواں سال (2024ء میں) اسکردو سے بھی حج فلائٹس شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں پاکستانی حج و عمرہ زائرین کیئے انتظامات کے معاہدے کی منظوری دے دی گئی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں پاکستان کی نگران حکومت کے ساتھ پاکستانی عازمین کی تعداد سمیت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج انتظامات کی منظوری دی گئی۔
معاہدے کے مطابق رواں برس پاکستان سے عازمین حج کا کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے جس میں سے 50 فیصد سرکاری جبکہ باقی نجی اسکیم کے تحت فریضۂ حج ادا کریں گے۔
بیرون ملک حج کمپنیوں کی درخواستوں کی وصولی شروع
سعودی وزارت حج وعمرہ نے کہا ہے کہ بیرون ملک عازمین حج کو خدمات فراہم کرنیوالی کمپنیوں سے اجازت نامہ حاصل کرنے کیلئے درخواستوں کی وصولی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اجازت نامہ حاصل کرنے کی خواہشمند کمپنیوں کو چاہئے کہ وہ 5 دسمبر تک اپنی درخواستیں جمع کرائیں۔ وزارت حج و عمرہ کے تحت کام کرنیوالی کمیٹی کے سربراہ عایض الغوینم نے کہا کہ بیرون ملک سے آنیوالے عازمین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنیوالے اداروں کو اجازت نامے جاری ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کیلئے ضوابط اور معیار مقرر کئے گئے ہیں جن پر پورا اترنے والی کمپنیوں کو لائسنس جاری ہوگا۔