ایک سو نوے ملین پاؤنڈز کیس کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران احتساب عدالت نے نیب کی استدعا پر چیئرمین پی ٹی آئی کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا ، آئندہ سماعت ستائیس نومبر کو ہوگی۔
سماعت کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کےوکیل سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا کو بتایا ایک سو نوے ملین پاؤنڈز کیس میں نیب نے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی تاہم ہماری جانب سے ریمانڈ کی مخالفت کے بعد احتساب عدالت نے ان کا چار روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا ۔
سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ نیب نے آج پچیس سے تیس نکات پر مشتمل دستاویز پیش کیں اور بتایا کہ ان پر تفتیش کرنی ہے ۔ ہمارا موقف تھا ساری رقم برطانیہ سے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئی ۔ القادر یونیورسٹی میں حکومت کا کوئی عمل دخل ہے نہ چیئرمین پی ٹی آئی کا ، کیس کی وجہ سے لوگوں نےیونیورسٹی کو ڈونیشنز دینا بھی بند کردیا ہے ۔
چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا ہے جمہوریت کا گلہ گھونٹا جا رہا ہے ، لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دیا جا رہا ۔