پاکستان کی صومالیہ کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی صیہونی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے اسرائیلی اقدامات نہ صرف صومالیہ بلکہ پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں ۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے اسرائیل کا نام نہاد صومالی لینڈ خطے کی آزادی تسلیم کرنے کا اعلان بھی پاکستان یکسر مسترد کرتا ہے ، غیرقانونی اور اشتعال انگیز اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ عالمی برادری اسرائیل کو خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو نقصان پہنچانے سے روکے ، پاکستان صومالیہ میں پائیدار امن اور استحکام کی تمام کوششوں کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔
ترجمان نے کہا پاکستان فلسطینیوں کو سرزمین سے جبری بے گھر کرنے کے ہر اقدام واضح مخالفت کا اعادہ کرتا ہے ، فلسطینی عوام کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں پاکستان ساتھ کھڑا ہے اور ایک خودمختار، آزاد فلسطینی ریاست کے لیے پاکستان غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے ۔



















