سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران خوارج کا سرغنہ ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چوبیس دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں دو خوارج ہلاک ہو گئے جن میں خوارج کا سرغنہ دلاور بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج دلاور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب تھا اور اس کے سر کی قیمت چالیس لاکھ روپے مقرر تھی۔
ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے خلاف دہشت گردی میں استعمال ہوتا رہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔



















