شمالی وزیرستان کے علاقے بویامیں سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس دوران سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 خوارج ہلاک کر دیئے گئے تاہم فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے بارودی گاڑی سیکیورٹی کیمپ کی بیرونی دیوار سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں دیوار منہدم ہو گئی اور قریبی شہری آبادی اور مسجد کو بھی نقصان پہنچا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار محمد وقاص، نائیک خانواز، سپاہی سفیان حیدر اور سپاہی رفعت شہید ہوئے۔
دہشت گردوں کے اس بزدلانہ حملے میں 15 شہری زخمی ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔



















