حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ملک بھر میں جاری ہڑتال ختم کردی گئی۔
وفاق اور سندھ حکومت کے وفود نے دوسرے روز بھی گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان سمیت دیگر قیادت سے مذاکرات کیے۔ کامیاب مذاکرات کے بعد خطاب کرتے ہوئے ملک شہزاد اعوان کاکہناتھا کہ ہمارے تمام مطالبات مان لئےگئے ، حکومت نےجووعدے کئےہیں اس بنیاد پرہڑتال ختم کررہے ہیں ۔
وفاق یا سندھ حکومت نےمعاہدے کی خلاف ورزی کی توملک گیرہڑتال کریں گے ۔ بھاری ٹریفک چالان اور ٹریفک پولیس کے رویے کے خلاف آٹھ دسمبر سے گڈز ٹرانسپورٹرز نے ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کر رکھی تھی۔ کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کے باعث بندرگاہ پر کام شدید متاثر تھا۔ جہازوں کی آمد و رفت رک گئی تھی۔ گزشتہ روز کسٹمز ہاؤس میں بھی کئی گھنٹے طویل مذاکرات ہوئے۔ آج ماڑی پور ٹرک اڈہ پر وفاقی حکومت کے نمائندے اور سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے مذاکرات کیے ۔ ہڑتال ختم ہونے کی خوشی میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور جشن منایا۔



















