صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے اہم اجلاس میں پنجاب میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 59 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ ڈاکٹر نعیم رؤف نے کی۔
اجلاس میں منظور کیے گئے بڑے منصوبوں میں کالجز میں مسنگ سہولیات کی فراہمی کے لیے 6 ارب 73 کروڑ روپے کی منظوری شامل ہے۔ پنجاب میں کلائمٹ آبزرویٹری کے قیام کے لیے 14 ارب 59 کروڑ روپے کے فنڈز بھی منظور کیے گئے۔
سیالکوٹ میں جدید ٹیچنگ اسپتال کے قیام کے لیے 7 ارب روپے کی منظوری دی گئی جبکہ لاہور میں جوڈیشل ٹاورز کی تعمیر کے لیے بھی خطیر رقم مختص کی گئی۔
— جوڈیشل ٹاور ون کے لیے 9 ارب 15 کروڑ روپے
— جوڈیشل ٹاور ٹو کے لیے 9 ارب 14 کروڑ روپے
— جوڈیشل ٹاور تھری کے لیے 6 ارب روپے کے فنڈز منظور کیے گئے۔
مزید برآں، سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں اسٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے قیام کے لیے 16 کروڑ روپے اور پی ایس آئی سی میں مسنگ سہولیات کی فراہمی و اپ گریڈیشن کے لیے 2 ارب 75 کروڑ روپے کی بھی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے میں تعلیم، صحت، عدلیہ اور موسمیاتی تحقیق کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔






















