پاکستان نے بین الاقوامی مالیاتی (فنڈ) آئی ایم ایف کو رواں مالی سال میں پٹرولیم لیوی وصولی کو مزید 920 ارب روپے تک بڑھانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ایک مؤقر روزنامے کی رپورٹ میں وزارت خزانہ حکام کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے جائزہ مذاکرات کے دوران حکومت نے آئی ایم ایف کو 869 ارب روپے کے پٹرولیم لیوی کے سالانہ ہدف میں مزید 50 ارب روپے کا اضافہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حکومت ہر لٹر پٹرول اور ڈیزل پر 60 روپے فی لیٹر پٹرولیم ٹیکس وصول کرتی ہے۔ اس نے اس ہیڈ کے تحت 869 بلین روپے کی وصولی کا بجٹ رکھا ہے لیکن اب اسے بڑھا کر 920 بلین روپے تک پہنچانے کا فیصلہ ہوا ہے۔
یاد رہے کہ وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پہلی سہ ماہی کے دوران حکومت نے پٹرولیم لیوی کی مد میں 222 ارب روپے اکٹھے کیے جو کہ گزشتہ سال کی اسی سہ ماہی کے مقابلے میں 367 فیصد زیادہ ہے۔
خیال رہے کہ عالمی میڈیا میں خام تیل کی قیمتیں چار ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی مگر لیوی میں اضافے کے سبب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر عوام کو ریلیف نہ ملنے کا امکان ہے۔