وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ 3 صوبوں سے افغانی واپس بھیج رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا کے حالات مختلف ہیں، جوکیمپ وفاقی حکومت نے بند کیے خیبرپختونخوا میں وہ ابھی بھی آپریشنل ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ایف سی ہیڈکواٹر اور اسلام آباد میں ہونے والے حملوں میں ملوث افغان تھے۔ ہم ایسے حالات مزید برداشت نہیں کر سکتے۔ اس ہفتے سے تمام ایس ایچ او کوغیر قانونی افغان تلاش کرکے واپس بھیجنے کی ذمہ داری دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ 11 لاکھ افغانی واپس بھیجے، تمام غیرقانونی افغان کوکہتا ہوں وہ عزت سے واپس چلےجائیں، جس کوواپس بھیجا گیا اگروہ واپس آیا توسزا دیں گے۔ آپ ہمارے مہمان تھےجس کواب بھیجا گیا اگروہ واپس آیا تو سزا دیں گے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کی آف لوڈنگ کا ایک اہم مسئلہ چل رہا ہے، ایجنٹ مافیا اس وقت مہم چلا رہا ہے، اسلام آباد ایئرپورٹ سے ایک شخص کوآف لوڈ کیا گیا، ڈرائیور کے ویزے پر سعودی عرب جانے والے کو گاڑی چلانی نہیں آتی تھی، میں نہیں کہتا ایف آئی اے میں سارے فرشتے ہیں، ایک ایک چیز مانیٹر ہورہی ہے، صحیح نوکری اوراصل ویزے پرجائیں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں۔
محسن نقوی نے کہاہے کہ ثبوت ہیں تو ضرورخبر دیں مگر کسی پر الزام لگانے کی اجازت نہیں دیں گے، فیک نیوز کےذریعے ملک میں افرا تفری پھیلانےکی اجازت نہیں دیں گے۔ بطور صحافی آزادی اظہار رائے کے حق میں ہوں مگر سوشل میڈیا پراکثرچیزیں غلط چل رہی ہیں۔



















