وزیراعظم کی زیرصدارت ملکی ٹیکس نظام میں اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا جس دوران شہبازشریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف اصلاحات کی بدولت ٹیکس نظام میں مثبت رجحانات ہیں، یہ رججان ایف بی آر کو جدید، شفاف اور بہتر بنانے کےاقدامات کےدرست ہونےکا ٹھوس ثبوت ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہناتھا کہ تازہ ترین معاشی اعدادوشمار حکومتی معاشی اصلاحات کو درست ثابت کررہے ہیں، معاشی ترقی کی رفتار ہردِن بہتر ہورہی ہے ،جس کے شواہد سامنے آرہے ہیں، رواں سال ٹیرف اصلاحات کا ریونیو وصولی پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال ٹیرف اصلاحات کا ریونیو وصولی پر کوئی منفی اثر مرتب نہیں ہوا، درآمدی سطح پر ڈیوٹیوں اور ٹیکس کی وصولی میں 25 فیصد اضافہ ہوا ہے، یہ بہتری قابل ڈیوٹی مصنوعات کی مقدار میں صرف 3.6 فیصد اضافہ کے باوجود سامنے آئی، یہ خدشہ بھی غلط ثابت ہوا کہ ٹیرف کم کرنے سے ریونیو وصولی میں کمی ہوگی، ڈیوٹی فری امپورٹس میں 41.5 فی صد اضافہ ہوا ہے ، معاشی اصلاحات سرمایہ کاری کیلئےماحول زیادہ سازگار بنانے کیلئے ہیں۔
وزیراعظم نے تمباکو، ٹائلز سمیت بڑے شعبوں میں ٹیکس وصولی نظام کی خامیاں دور کرنے کرنے کی ہدایت کی جبکہ ایف بی آر سمیت پوری معاشی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے اصلاحات میں مزید تیزی کی ہدایت کی ۔






















