ڈائریکٹوریٹ آف پیٹرولیم نے سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے 23 عبوری ٹینڈرز ایوارڈ کردیئے۔
ملک میں 18 سال بعد ہونے والی کامیاب آف شور بلاکس نیلامی کے سب ٹینڈرز ایوارڈ کردیے گئے۔ ماڑی انرجیز نے اہم معلومات سے حکومت،شیئر ہولڈرز اور اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کردیا۔ ایوارڈ کیے گئے بلاکس میں 12انڈس آف شورمیں اور11مکران آف شورمیں ہیں۔
خط کے مطابق ڈی جی سی پی نے ماڑی انرجیز کو18بلاکس بطور آپریٹر ایوارڈ کئے ہیں، کیٹی بندر، گھارو، بن قاسم ، ضرار، کوچی کریک اور مکران کے سمندرمیں ملکی وغیرملکی کمپنیاں تیل وگیس تلاش کریں گی، ماڑی انرجیز ترکی کی کمپنی اور اوجی ڈی سی ایل،پی پی ایل سمیت دیگر کے ساتھ ملکرتیل وگیس تلاش کرےگی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق زیرسمندر تیل اور گیس کیلئےڈرلنگ کےدوران سرمایہ کاری ایک ارب ڈالرتک پہنچنے کاامکان ہے۔ کامیاب بولیاں 53 ہزار 510 مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہیں، انڈس اورمکران بیسن میں بیک وقت ایکسپلوریشن کی اسٹریٹیجی کامیاب رہی۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق کامیاب بڈنگ راؤنڈاپ اسٹریم سیکٹرمیں سرمایہ کاروں کےاعتماد کامظہر ہے، ترکیہ پیٹرولیم،یونائیٹڈ انرجی اورینٹ پیٹرولیم اورفاطمہ پیٹرولیم نے شمولیت کی،اوجی ڈی سی ایل،پی پی ایل،ماڑی انرجیز اور پرائم انرجی کامیاب بڈرز میں شامل ہیں۔






















