انکم ٹیکس ادائیگی میں تنخواہ دار طبقہ بدستور سب سے آگے رہا ہے، ایف بی آر کے مطابق موجودہ مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں اس طبقے نے نمایاں اضافی ٹیکس جمع کرایا۔
جولائی سے فروری کے دوران تنخواہ دار افراد نے 365 ارب روپے انکم ٹیکس ادا کیا جو گزشتہ سال اسی مدت کے 332 ارب روپے کے مقابلے میں 33 ارب روپے زیادہ ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق تنخواہ دار طبقے نے ریٹیلرز، ہول سیلرز، برآمد کنندگان سمیت دیگر کاروباری طبقات کے مقابلے میں زیادہ ٹیکس ادا کیا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ مسلسل بڑھا ہے جس سے اس طبقے کی شراکت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔





















