بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ پر عائد پابندی کا نوٹیفکیشن صرف ایک روز بعد واپس لے لیا ۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پابندی اور اس کی واپسی دونوں محکمہ داخلہ بلوچستان کی ہدایت پر عمل میں لائی گئیں۔
اس سے قبل صوبائی حکومت نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر 12 تا 14 نومبر تک بین الاضلاعی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔
محکمہ ٹرانسپورٹ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پابندی کی واپسی کے بعد معمول کے مطابق سفر کریں اور حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد جاری رکھیں ۔





















