وزیراعظم محمد شہباز شریف نےجدوجہد آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہزاروں کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 8 دہائیوں سے تمام بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے برخلاف اپنی افواج کے ذریعہ کشمیریوں پر غیر قانونی تسلط قائم کر رکھا ہے، کشمیری عوام بھارتی ظلم و جبر کے سامنے سرنگوں نہیں ہوئے، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم شہدائے جموں پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ 6نومبر 1947 جموں و کشمیر کی تاریخ کا وہ سیاہ دن ہے جو کشمیریوں کے ذہن پر آج تقریبا 8 دہائیوں کے بعد بھی تازہ زخم کی طرح نقش ہے، ہر سال دنیا بھر میں موجود کشمیری اس دن کو بھارتی فوج کی کشمیریوں کی پہلی نسل کشی کی مذمت کے طور پر مناتے ہیں۔
بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ نومبر 1947 میں بھارتی فوج اور شدت پسندوں نے 237،000 کشمیریوں کو بہیمانہ تشدد اور نسل کشی کا نشانہ بنایا تاکہ کشمیر کی آبادیاتی اور مذہبی اکثریت کو اقلیت میں بدلا جا سکے، بھارت کی طرف سے کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو مصنوعی طریقہ سے بدلنے کے غیر قانونی حربےآج بھی جاری ہیں، 5 اگست 2019 کو اٹھائے گئے اقدامات اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان آزادی کی اس طویل جدوجہد میں کشمیریوں کی طرف سے جدوجہد آزادی میں قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے بالخصوص نومبر 1947 میں ہزاروں کشمیریوں کی شہادت کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے منافی اپنی مسلح افواج کے ذریعہ کشمیریوں پر اپنے غیر قانونی تسلط اور ناجائز قبضہ کو قائم رکھے ہوئے ہے، پاکستان اور انسانی حقوق کے تمام علمبردار اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق، حق خود ارادیت اور عالمی قوانین کو مسلسل پامال کر رہا ہے، آج کا دن کشمیریوں کی لازوال بہادری اور جدوجہد آزادی کے لئے ان کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے، آج کا دن گواہ ہے کہ کشمیریوں کی نسلوں نے بھارت کے ظلم و جبر کے آگے سر نگوں نہیں کیا بلکہ دہائیوں تک بے مثال جرأت اور جوانمردی سے مقابلہ کیا اور کبھی قربانیوں سے گریز نہیں کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی گراں قدر قربانیوں کو دلی طور پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مزید برآں پاکستان اپنے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ عالمی سفارتی محاذ پر مسٔلہ کشمیر کو اجاگر کرتا رہے گا اور کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کی طرف سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور عالمی قوانین کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز اٹھانی چاہئے، پاکستان کا ہر بین الاقوامی فورم پر یہ اصولی موقف ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ہونا چاہئے۔






















