وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ایف بی آر نہیں بلکہ ٹیکس پالیسی آفس تیار کرے گا اور نیا بجٹ تاجروں کے ساتھ مشاورت سے بنایا جائے گا۔
کراچی چیمبر آف کامرس میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں مسلح افواج کو سپورٹ کرنا سب کی ذمہ داری ہے، دفاع کو مزید مضبوط بنانے کے لیے خطیر رقم بچانا ہوگی تاکہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ معاشی استحکام کا فائدہ ہوا ہے اور حکومت نے اپنا خرچہ خود اٹھا لیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یورو بانڈ کی مد میں 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کی گئی، اس پر کسی نے سوال نہیں اٹھایا کہ رقم کہاں سے آئے گی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب اپنی مالی ذمہ داریوں کے لیے بار بار باہر سے مدد مانگنے کے بجائے خود کفیل ہونا ہوگا۔





















