وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد مری ایکسپریس وے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں میں مجموعی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ، انہوں نے کہا اسلام آباد مری ایکسپریس وے منصوبہ تکمیل کے حتمی مرحلے میں داخل ہو گیا وزیراعظم جلد افتتاح کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا مری ایکسپریس وے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید شاہراہ میں تبدیل کیا گیا ، یہ شاہراہ ہر سال لاکھوں سیاحوں کو مری کے تفریحی مقام تک لے جاتی ہے ، اسے مزید محفوظ اور آرام دہ سفر کے لئے جدید سہولیات سے آراستہ کیا ہے ۔ ایکسپریس وے پر موٹروے پولیس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ، ٹریفک کے بہاؤ اور مسافروں کی رہنمائی کو مزید بہتر بنایا گیا ہے ، مسافروں کیلئے جدید سہولیات سے مزین ریسٹ ایریاز قائم کئے ۔ یہ منصوبہ عالمی معیار کے انفراسٹرکچر فراہم کرنے کےعزم کا عکاس ہے ۔ سیاحت کا فروغ اور بہتر سفری سہولیات ترجیحی بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں ۔ وزیر مواصلات نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ۔





















