اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق سے ایرانی مجلس شوری کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تعلقات،پارلیمانی تعاون اور اقتصادی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پوری قوم، پارلیمنٹ اور حکومت ایران کے ساتھ کھڑی ہے، دونوں ممالک باہمی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایرانی عوام اور حکومت کو اسرائیلی حملہ ناکام بنانے پر مبارکباد دی اور کہا پاکستانی پارلیمنٹ نےغیرمبہم اندازمیں ایران پراسرائیلی حملےکی مذمت کی۔
اسپیکرقومی اسمبلی نےایرانی پارلیمنٹ میں پاکستان زندہ باد کی نعروں کو سراہا، بھارتی جارحیت پرپاکستان کی حمایت کرنےپرایران کا شکریہ بھی ادا کیا، ایرانی اسپیکرنےاسرائیلی جارحیت کے خلاف حمایت پرپاکستانی عوام اورحکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا پاکستان نے ثابت کر دیا کہ مشکل وقت کا ساتھی ہی حقیقی دوست ہوتا ہے۔ خطے میں امن و استحکام کیلئےپاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔
اس سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نور خان ایئربیس پر ایرانی اسپیکر کا استقبال کیا اور کہا ایرانی اسپیکر کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث مسرت ہے۔ ایاز صادق نے ایرانی اسپیکر کو اسلام آباد آمد پر گلدستہ پیش کیا ۔ اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ پاکستان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہوئے دلی مسرت ہوئی ہے۔






















