ترکیہ کے شہر استنبول میں غزہ سے متعلق عرب و اسلامی ممالک کے وزرائےخارجہ کا اہم اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کی اور ایک مرتبہ پھر اپنے اصولی مؤقف کا اعادہ کیا ، انہوں نے کہا خطے کے مستقل امن کیلئے آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست ناگزیر ہے ، 1967سے قبل کی سرحدوں کےمطابق آزاد،خود مختارفلسطینی ریاست قائم ہو، آزاد فلسطینی ریاست کادارالحکومت القدس الشریف ہوناچاہیے۔
استنبول اجلاس میں عرب و اسلامی ممالک نے غزہ کی تعمیر نو کی فوری ضرورت پر اتفاق کیا ۔ پاکستان نے اپنا اصولی مؤقف دہراتے ہوئے زور دیا کہ فلسطین مسئلہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے ۔ شرکا نے غزہ میں پائیدار جنگ بندی اور دیرپا امن کیلئےلائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی ۔ اسرائیل کی جانب سےجنگ بندی کی مسسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت اور فلسطینی عوام کیلئے بلا تعطل فوری انسانی امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ۔
وزرائےخارجہ اجلاس نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں سےاسرائیلی افواج کے انخلا پر زور دیا ۔ اجلاس سے قبل اسحاق ڈار نے ترک وزیرخارجہ ہاکان فیدان سےملاقات بھی کی ۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی،معاشی اور دفاعی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ مسئلہ فلسطین خصوصاً غزہ میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کا عزم دہرایا ۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کی اخلاقی،سفارتی اور انسانی حمایت جاری رکھنے سمیت علاقائی و عالمی امور پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق بھی کیا ۔






















