وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ میں جب بھی کراچی آتا ہوں اس شہر کے انفراسٹرکچر کی حالت دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے، یہ کسی صورت بھی ہمارے ملک کے معاشی مرکز کے شایانِ شان نہیں، اپنے دورے کے دوران میں نے لیاری ایکسپریس وے پر جاری کام کو غیر تسلی بخش پایا اور ممبر ساؤتھ کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ کراچی کے عوام سے وعدہ ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کو ایک مثالی انفراسٹرکچر میں تبدیل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ایم سِکس موٹروے سکھر تا حیدرآباد اور ایم ٹین موٹروے حیدرآباد تا کراچی پورٹ پر ترقیاتی کام اسی مالی سال کے دوران شروع کیا جائے گا۔ یہ منصوبے وفاقی حکومت کی طرف سے سندھ کے عوام کے لیے ایک تحفہ ہوں گے۔ ان موٹرویز کی تکمیل کے بعد کراچی پورٹ پورے ملک کے ساتھ براہِ راست منسلک ہو جائے گا۔ تجارت، لاجسٹکس اور روابط میں نمایاں بہتری آئےگی۔
عبدالعلیم خان نے کہا امید کرتا ہوں کہ کراچی کے عوام کو جلد ایک صاف ستھرا شہر اور وہ بہترین انفراسٹرکچر میسر آئے گا جس کے وہ مستحق ہیں۔ وفاقی حکومت سندھ بھر میں انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور ہر منصوبے کو شفافیت اور معیار کے ساتھ بروقت تکمیل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔






















