وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیرصدارت این ایچ اے کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس دوران وفاقی وزیرمواصلات نے این ایچ اے کو موجودہ پالیسی میں تبدیلی لانے کی ہدایت کر دی ، سیکرٹری مواصلات، چیئرمین این ایچ اے اور سینئر افسران پر مشتمل اعلیٰ اختیاراتی بورڈ تشکیل دیدیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یکم نومبر سے کسی پرانے منصوبے کی مرمت کے نام پرپیسے جاری نہیں ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ آئندہ این ایچ اے کے ہرنئے منصوبے پر بورڈ فیصلہ کرے گا، محکمے میں کسی کو مالی بے ضابطگی اور بے ایمانی نہیں کرنے دیں گے، افسران یا کنٹریکٹرز کو سرکاری فنڈز کا مزید "من و سلویٰ" نہیں ملے گا، ہراسکیم نیا منصوبہ ہو گا اور کوئی فرد واحد اس کا فیصلہ نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیرمواصلات نے بوگس اور عرصہ درازسے زیر التواء منصوبوں کا سخت نوٹس لیا اور کہا کہ افسران چئیرمین این ایچ اے کو منصوبوں کا بریک اپ پیش کریں، ہرمنصوبے کا تھرڈ پارٹی ایولیوایشن کا فیصلہ کیا گیاہے ، کسی سے رعایت نہیں ہو گی۔
وفاقی وزیر کو اجلاس میں این ایچ اے کے اہم منصوبوں اور محکمانہ امور پر رپورٹ پیش کی گئی جبکہ ادارے کے سالانہ مینٹینس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیئرمین این ایچ اے نے ممبران کوتمام اسکیموں کی رپورٹ 3دن میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات نے افسران کو وفاقی وزیرکی ہدایات پر من وعن عمل کرنے کا حکم دیا ۔






















