دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتی مشنز میں آج جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کے خلاف یومِ سیاہ منایا گیا، ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق اس دن کا مقصد مقبوضہ کشمیر پر اٹھہتر سال سے جاری غیر قانونی بھارتی تسلط کی مذمت اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ تھا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق یومِ سیاہ کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم اور ناانصافیوں کی یاد دہانی کے طور پر منایا گیا۔پاکستانی سفارتخانوں میں سیمینارز، ویبینارز، تصویری نمائشوں اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ان سرگرمیوں میں کشمیری عوام کی حالتِ زار اور بھارتی قابض افواج کے ظلم و ستم کو اجاگر کیا گیا۔
صدرِ مملکت، وزیرِاعظم اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ نے خصوصی پیغامات جاری کیے جن میں کشمیری عوام کے ساتھ تعاون کے عزم کو دہرایا گیا۔ترجمان کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ نے اقوام متحدہ سمیت مختلف عالمی فورمز کے سربراہان کو خطوط لکھے، جن میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔دفترِ خارجہ کی جانب سے “کشمیر یکجہتی واک” کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے سفارتی نمائندوں نے شرکت کی۔اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفیروں کے لیے خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا اور اس موقع پر بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے والی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔



















