فیلڈ مارشل عاصم منیر مصر کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں ان کی مصر کے وزیر دفاع و دفاعی پیداوار جنرل عبدالمجید سقار اور مصری مسلح افواج کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل احمد خلیفہ فتحی سے ملاقاتیں ہوئیں، دورہ پاکستان اور مصر کے درمیان فوجی تعاون اوردفاعی اشتراک مزید مضبوط بنانے کیلئے ہے۔
تفصیلات کے مطابق اہم ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور،علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دفاعی تعاون پر تفصیلی گفتگو ہوئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مصربرادر اسلامی ملک ہے،دونوں ممالک کے درمیان تعاون عوامی مفاد میں ہے، دوطرفہ تعاون خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہو گا۔
مصری وزارتِ دفاع کے دورے پر فیلڈ مارشل کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور سلامی دی گئی، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار اور سابق مصری صدرانور السادات کی قبر پر پھول رکھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جامعہ الازہر کے شیخِ اعظم احمد الطیب سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں شیخ الازہر نے مسلم امہ کو درپیش چیلنجز پر اپنے خیالات کا اظہار کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شدت پسندی اور اسلام کی من گھڑت تشریحات کے خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔






















