پاکستان اور قطر کے درمیان چھٹے مشترکہ وزارتی کمیشن کا اجلاس ختم ہو گیا ہے جس دوران قطر نے پاکستان میں تین ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے پر اتفاق کرلیا، اجلاس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم پروٹوکولز پر دستخط بھی ہوئے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرتجارت جام کمال خان اور قطری وزیر تجارت وصنعت فیصل بن ثانی اجلاس میں شریک ہوئے، ایس آئی ایف سی اور قطر انویسٹمنٹ اتھارٹی کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ،ٹرانسپورٹ، تعلیم، صحت، آئی ٹی، مزدور اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کے پروٹوکولز طے کر لیئے گئے ۔
اجلاس میں موٹروے، پبلک ٹرانسپورٹ اور برقی گاڑیوں میں قطری سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی گئی، ایوی ایشن تعلقات مضبوط کرنے کیلئے 2026 ء میں مشاورت پر اتفاق کیا گیا ، اجلاس میں تعلیم و فنی تربیت کے شعبوں میں مشترکہ پروگرامز پر پیشرفت بھی ہوئی۔
قطرمیں پاکستانی طبی ماہرین کی شمولیت اور صحت کےمنصوبوں پر تعاون کا فیصلہ بھی کر لیا گیا ، میڈیا، ثقافت اور فلم کے شعبوں میں مشترکہ پروڈکشن اور پروگرام تبادلے پر اتفاق کر لیا گیا ۔
اجلاس میں ای-گورننس، سمارٹ سٹیز اور ڈیجیٹل معیشت میں شراکت بڑھانے پر زور دیا گیا ، قطری لیبر مارکیٹ میں ہنرمند پاکستانیوں کے روزگار کے مواقع بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔ ساتواں پاک-قطر مشترکہ وزارتی اجلاس 2026ء میں منعقد ہوگا۔



















