وزیراعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے سعودی عرب کا تین روزہ دورہ کریں گے جہاں وہ عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کانفرنس میں شرکت کیلئے اعلیٰ سیاسی اور عسکری قیادت بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوگی ۔ یہ کانفرنس سعودی عرب کے وژن دو ہزار تیس کے تحت منعقد کی جا رہی ہے جس میں دنیا بھر سے سرمایہ کار، معاشی ماہرین اور بزنس لیڈر شرکت کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس موقع پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع، معاشی اصلاحات اور حکومتی اقدامات کو اجاگر کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی کانفرنس کے دوران عالمی سرمایہ کاروں، کاروباری اداروں اور سعودی قیادت سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔ ملاقاتوں میں توانائی، زراعت، آئی ٹی، مائننگ، اور انفراسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہو گی۔ وزیراعظم اپنے خطاب اور انٹریکشنز میں پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے دی جانے والی مراعات، پالیسی اصلاحات اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے۔ سعودی وژن دو ہزار تیس اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف میں اشتراک پر بھی اہم مشاورت ہو گی۔



















