وزیراعظم شہباز شریف اور ملائیشین ہم منصب انور ابراہیم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس دوران افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی زمین پر موجود تمام دہشتگرد گروہوں کے خلاف عملی اقدامات یقینی بنائے، دونوں وزرائے اعظم نے غزہ امن معاہدے کا خیر مقدم کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشین ہم منصب کو پاک افغان سرحدی صورتحال سے آگاہ کیا۔ افغانستان کی سرزمین سے دہشت گردی کے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغان حکام سے دہشت گرد نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا، کہا پاکستان نے افغان حکام کی درخواست پر دوحا مذاکرات کے لیے عارضی جنگ بندی کیلئے آمادگی طاہر کی۔
وزیراعظم نے فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان، ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف عملی اقدامات پر زور دیا، ملائیشین وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ کوالالمپور میں شاندار میزبانی پر ملائیشین قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ کہا کہ حلال گوشت کی برآمد اور دیگر شعبوں میں پیشرفت سے پاک ملائیشیا تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں۔ دونوں وزرائے اعظم نے غزہ امن معاہدے کا خیر مقدم اور فلسطینی عوام کی تکالیف کے خاتمے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا۔



















