وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی شوریٰ کونسل کے وفد نے ملاقات کی، وفد کی قیادت چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے کی، ملاقات میں دونوں ممالک کے دفاعی، تجارتی اور پارلیمانی تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاک سعودی عرب دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی عکاسی ہے۔
سعودی شوریٰ کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور خادمِ حرمین شریفین کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی۔وزیراعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا ترقی کا وژن قابلِ تعریف ہے۔ ان کی قیادت میں سعودی عرب نے ہر شعبے میں مثالی ترقی کی ہے، جو دیگر ممالک کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب سے حالیہ دفاعی معاہدے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے تزویراتی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد نے شاندار مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں یہ دورہ انتہائی اہم ہے۔
ڈاکٹر عبداللہ بن محمد نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دیرینہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، سردار یوسف اور دیگر اعلیٰ حکام ملاقات میں موجود تھے۔



















