وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاکستان ملائیشیا کو 20کروڑ ڈالر کا گوشت فراہم کرے گا، پاکستان سے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کرتاہوں۔ حلال گوشت کی تجارت کو مزید بڑھائیں گے۔
ملائیشین وزیراعظم کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ملائیشیا میرا دوسرا گھر ہے، ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، ہمارے ملک کے بڑی تعدادمیں طلبا ملائیشیا میں زیر تعلیم ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کو ترقی یافتہ ملک بنانے میں انورابراہیم کا اہم کردارہے، دوطرفہ تعلقات کے حوالے سے انورابراہیم کا دورہ پاکستان یادگار تھا، زیادہ ترامور پر ہمارے خیالات مشترک ہیں، دونوں ممالک میں اہم معاملات پراتفاق رائے ہے۔

اس موقع ملائیشین وزیراعظم انورابراہیم نے کہا کہ ہمارے خطے میں استحکام کیلئے پاک بھارت امن اہم ہے، ہم امن کی موجودہ کوششوں کی حمایت کرتےہیں، دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے ہرممکن تعاون کرینگے۔
ملائیشین وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں صہیونی ظلم کے خلاف مل کر آواز اٹھارہے ہیں، ہم نے برصغیر کی صورتحال،دہشت گردی اور غزہ کی صورتحال پربھی بات کی ہے، ہم نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات کی ہے، ہم دونوں چاہتے ہیں غزہ میں فلسطینی عوام کی مشکلات ختم ہوں۔
انورابراہیم نے کہا کہ تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دے رہے ہیں، وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے، ہمیں تمام شعبوں میں تعاون میں اضافے کی ضرورت ہے، پاکستان کے ساتھ1957سے برادرانہ تعلقات ہیں، وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوئے۔

مفاہمت کی یاداشتوں کا تبادلہ
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف کی ملائیشیا کے وزیراعظم آفس آمد پر ملائشیا کے وزیراعظم انورابراہیم کیجانب سے شہبازشریف کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔ ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے کیجانب سے وزیراعظم کو گارڈ آف آنرپیش کیا گیا۔
پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف مفاہمت کی یاداشتوں کا تبادلہ ہوا، پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان کرپشن کی روک تھام، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میں مفاہمت کی یادداشت کا تبادلہ ہوا۔






















