نو مئی مقدمات میں سزا یافتہ تحریک انصاف کے سابق این ایم اے عبداللطیف چترالی نے گرفتاری دے دی۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نمبر دو نے عبدالطیف چترالی کو جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا پانے والے پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے عبداللطیف چترالی نے عدالت کے سامنے سرنڈر کر دیا۔
عبداللطیف چترالی کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کا حکم ہے کہ متعلقہ عدالت میں سرنڈر کریں۔
جج طاہر عباس سپرا نے ملزم کے سرنڈر کرنے پر ریمارکس دئیے کہ لطیف صاحب اپ نے بلاوجہ اتنی دیر کردی مگر بہت اچھا کیا جو یہاں پیش ہوگئے۔
عدالت نے عبداللطیف چترالی کو سزا پر عملدرآمد کیلئے جیل منتقل کرنے کا حکم دیا تو تھانہ رمنا پولیس نے انہیں کمرہ عدالت سے گرفتار کر لیا۔ عبدالطیف چترالی کو مختلف دفعات کے تحت مجموعی طور پر 10 سال قید کی سزا ہوئی تھی۔






















