حکومت نے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری پر احتجاج سے بچنے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا، کابینہ کی منظوری سے پی آئی اے پر لازمی سروس ایکٹ نافذ کردیا گیا، ملازمین کو احتجاج کی اجازت نہیں ہوگی۔
نگران حکومت نے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری پر احتجاج سے بچنے کا منصوبہ تیار کرلیا، وفاقی کابینہ نے پی آئی اے پر لازمی سروس ایکٹ نافذ کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے ایکٹ نافذ کرنے کی منظوری دیدی، پی آئی اے میں ملازمین کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال پر پابندی عائد ہوگی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے یونین کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی جائے گی، حکومت نے پی آئی اے کی یونین اور ملازمین کے ممکنہ احتجاج سے بچنے کیلئے یہ فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے لازمی سروس ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز سالوں سے خسارے میں جارہا ہے، گزشتہ دنوں بھی عدم ادائیگی کی وجہ سے پی ایس او نے پی آئی اے کو فیول کی فراہمی سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد حکومت کی جانب سے رقم ادا کی گئی اور طیاروں کیلئے فیول کی فراہمی شروع ہوئی تھی۔