بابراعظم نے قومی ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دینے کے بعد فلسطین کے مسلمانوں کیلئے آواز بلند کرتے ہوئے ٹویٹر پر بیان جاری کر دیاہے ۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس)پر بابراعظم نے پیغام جاری کرتے ہوئے غزہ کی ایک معصوم بچی کی تصویرشیئر کی جس نے ہاتھ میں فلسطینی جھنڈا اٹھایا ہواہے جبکہ دوسرے ہاتھ میں اپنی گڑیا تھام رکھی ہے ، اس تصویر میں بہت سے جذبات چھپے ہوئے ہیں، جس مقام پر وہ بیٹھی ہے وہ ایک تباہ ہونے والی عمارت کا ملبہ ہے جہاں پر ممکنہ طور پر اس بچی کا گھر ہوا کرتا ہو گا، بچی کے چہرے کی مسکراہٹ اس کے جذبات بیان کررہے ہیں ۔
بابراعظم نے اپنی پوسٹ میں عظیم شاعر ' الطاف حسین حالی ' کی نعت رسولﷺمقبول کے پہلے دو اشعار بھی شیئر کیئے جو کہ درج ذیل ہیں:
اے خاصہ خاصان رسل وقت دعا ہے
امت پہ تیری آ کے عجب وقت پڑا ہے
یاد رہے کہ بابراعظم کی جانب سے استعفیٰ دیئے جانےکے بعد پی سی بی نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوینٹی اور شان مسعود کو ٹیسٹ کپتان بنانے کا اعلان کیا تاہم ون ڈے کی کپتانی کا سہرا کس کے سر پر سجے گا یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ہے ۔