وفاقی حکومت کی مذاکراتی کمیٹی مظفر آباد پہنچ گئی،کشمیری عوام کے مطالبات سننے اور حل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلی سطح کی مذاکراتی کمیٹی نےمظاہرین سے پرامن رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے کی صورت حال کو سمجھیں،جائزمطالبات پر عمل درآمد کریں گے۔
وزیراعظم آزادکشمیر نےکمیٹی بنانےپراظہارتشکرکرتے ہوئےکہاشہبازشریف نےبہترین قدم اٹھایا۔جومطالبات رہ گئے ان پر بات چیت ہوگی،تعطل دورکریں گے۔
احسن اقبال کا کہنا ہےکچھ لوگ امن وامان کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔ عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔
رانا ثنااللہ نےکہا ہمیں بیٹھ کرجائز مطالبات پر بات کرنا ہوگی،عوامی ایکشن کمیٹی سےملکرتمام غلط فہمیاں دورکرلیں گے،پورا یقین ہےعوامی ایکشن کمیٹی کےدوستوں کے ساتھ بیٹھ کر تمام غلط فہمیوں کو سلجھا لیں گے،آزادکشمیر کے لوگ ہمارے بھائی ہیں۔
امیر مقام نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کے جائز مطالبات حل ہوں، احتجاج اورتشدد سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، مسائل بیٹھ کر بات چیت سے حل ہوتے ہیں۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکل سکتا ہے۔ پیپلزپارٹی قیادت معاملہ افہام وتفہیم سے حل کرنا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کی کشیدہ صورت حال پر اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں سینیٹر رانا ثناء اللہ، وفاقی وزراء سردار یوسف، احسن اقبال، طارق فضل چوہدری، انجینئر امیر مقام، راجہ پرویز اشرف، وزیرِ اعظم آزاد جموں وکشمیر چوہدری انوار الحق، سابق صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان اور قمر زمان کائرہ شامل ہیں۔



















