پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آلراؤنڈر شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ میں بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹانے کے حق میں نہیں تھا، تاہم ان کے متبادل کے لئے میں نے محمد رضوان کا نام دیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کو ٹی 20 جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
سماء کے پروگرام ’ زور کا جوڑ ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بتایا کہ شاہین کو کپتان بنانے کیلئے کبھی کوئی بات نہیں کی ، میں نے نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات کے دوران بابر اعظم کو تبدیل نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
شاہد آفریدی نے بتایا کہ جب چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے اس معاملے پر مجھ سے رائے طلب کی تھی تو انہیں بھی یہی کہا تھا کہ بابر اعظم کو مت ہٹائیں۔
سابق کپتان نے بتایا کہ میں نے دونوں سے کہا تھا کہ اگر ٹیم کا کپتان بدلنا ہی ہے تو محمد رضوان کو لے آئیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مجھے پتا تھا کہ بابراعظم کے ساتھ یہ ہونا ہے ، آخر میں کپتان کے ساتھ یہی ہوتا ہے۔