اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور عالمی بینک کے صدر اجے بنگا کی ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے نے پاکستان کو میکرو اکنامک استحکام کی طرف گامزن کیا ہے۔سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور پائیدار ترقی کے امکانات روشن ہوئے ہیں۔
نیویارک میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم نے ورلڈ بینک کو ایک مؤثر ترقیاتی شراکت دار میں تبدیل کرنے پر اجے بنگا کی قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کورونا اور 2022 کے سیلاب کے دوران پاکستان کی حمایت پر عالمی بینک کا شکریہ بھی ادا کیا۔
وزیراعظم نے عالمی بینک کے صدر کو حکومت کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے سے آگاہ کیا جس میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات، نجکاری اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ کے اقدامات شامل ہیں۔
وزیراعظم نے ورلڈ بینک کے نئے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کو بھی سراہا جس کے تحت پاکستان کو چالیس ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے صوبوں کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے پاکستان کے اصلاحاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے ترقیاتی ایجنڈے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے میں بھی بھرپور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔






















