پاکستان اور چین کے تعلقات مزید بہتری کی جانب گامزن ہے۔ صدر آصف علی زرداری کے دورہ ارومچی کے دوران مفاہمت کی 3 یادداشتوں پر دستخط کر دیئے گئے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ان معاہدوں سے صنعتی ترقی کے ساتھ آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان اور چین نے لائیو اسٹاک انڈسٹری میں جدت کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ پاکستان میں جدید ٹیکسٹائل انڈسٹریل پارک کے قیام کے ساتھ فائر ٹرکس اور ایمرجنسی آلات فراہمی کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت طے پا گئی۔
چین کے شہر ارومچی میں تقریب کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ یادداشتیں خوراک کے تحفظ، صنعتی ترقی اور برآمدات میں اضافے کا باعث بنیں گی۔ آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے ساتھ لائیو اسٹاک سیکٹر کو ترقی دے کر دیہات میں روزگار کے مواقع بڑھائیں گے۔
صدرمملکت نے کہا کہ ٹیکسٹائل پارک کا قیام برآمدات اور صنعتی ترقی کو فروغ دے گا۔ جدید فائر ٹرکس اور آلات عوامی تحفظ اور ایمرجنسی رسپانس کو مضبوط کریں گے۔ تقریب میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، پاکستان اور چین کے سفیر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔






















