ملک بھر کے مختلف مقامات پر بارشوں اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 992 تک پہنچ چکی ہے جبکہ ایک ہزار 64 زخمی ہوئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 4 افراد جاں بحق ہوگئے، ڈوب کر مرنے والے چاروں بچے ہیں ، تعلق بلوچستان کےعلاقے کوہلو سے ہے، ملک میں 26 جون سے اب تک جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 992 جبکہ ایک ہزار 64 زخمی ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ 504 اموات خیبرپختونخوا میں ہوئیں، پنجاب 290 ، سندھ میں 80 افراد جاں بحق ہوئے، گلگت بلتستان میں 41 ، آزاد کشمیر 38 ، بلوچستان30 اوراسلام آباد میں 9 افراد جاں بحق ہوئے۔ بارشوں اور سیلاب کے دوران ملک بھر اب تک 1064 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
رواں سال مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں8 ہزار 441 مکانات متاثر، 2 ہزار 216 مکمل تباہ 6 ہزار 265 کو جزوی نقصان پہنچا، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث 239 پل اور 674 کلومیٹر کی سڑکیں تباہ ہوگئیں، بارشوں اور سیلاب میں ملک بھر میں اب تک 6 ہزار 500 سے زائد جانور بھی ہلاک ہوچکے۔
مون سون کے گیارھویں اسپیل کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی۔ مون سون کے گیارھویں اسپیل کا الرٹ جاری کر دیا گیا۔
محکہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب سے درمیانی شدت کی مرطوب ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، آئندہ ہفتے ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا میں 16سے19 ستمبر کے درمیان مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ 15 سے 19 ستمبر کے دوران کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہے۔
محکہ موسمیات کے مطابق 16 سے 19 ستمبر تک گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش متوقع ہے جبکہ اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں 16 سے 19 ستمبر تک بارشوں کا امکان ہے۔






















