دریائےسندھ گڈوبیراج پر دو روز سے اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے،پانی حفاظت بندوں سے ٹکرا گیا، سیلابی ریلے نے کچے کے مزید متعدد دیہات کو اپنی لپیٹ میں لےلیا۔
صوبہ پنجاب میں تباہی مچاکر آنے والا سیلابی ریلا گھوٹکی کے کچے میں داخل ہوگیا،دریائے سندھ گڈو بیراج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70ہزار کیوسک پانی میں اضافہ ریکارڈکیاگیا، پانی کی آمد 6 لاکھ 12 ہزار 269 کیوسیک ریکارڈ کی گئی،دریائے سندھ گڈوبیراج میں پانی کا اخراج 5 لاکھ 82 ہزار 942 کیوسیک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائےسندھ گڈوبیراج 15ستمبر کوانتہائی اونچےدرجےکی سیلابی صورتحال ہوسکتی ہے،آئندہ 12 گھنٹوں مزید پانی سطح بلند ہونا متوقع ہے،وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج گڈو بیراج کا دورہ کرینگے۔
دوسری جانب دریا سندھ کےکچے کے علاقوں میں مویشی چَرانے،نہانے پر 15 روز کیلئے پابندی عائد کردی گئی ہے،ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر دریا سندھ پر عوامی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد ہے۔
کمشنر نوابشاہ کا کہنا کے ریسکیو اورریلیف کی سرگرمیوں کو استثنیٰ حاصل ہوگا،پولیس خلاف ورزی پردفعہ 188 تعزیرات پاکستان کے تحت کاروائی عمل میں لائے،آئندہ دنوں میں دریاسندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے کےامکانات ہیں،کمشنرشہید بینظیر آباد ڈویژن ندیم احمد ابڑو نےنوٹیفکیشن جاری کر دیا۔






















