نگران حکومت نے عوام کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں2 روپے 4 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے ، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 281 روپے 34 پیسےفی لٹراورہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 296 روپے 71 پیسے فی لٹر ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کےتیل کی قیمت میں 6 روپے 5 پیسے فی لٹرکمی کی گئی ہے ، جس کے بعد مٹی کےتیل کی نئی قیمت 204 روپے 98 پیسے فی لٹر ہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل بھی 9 روپے ایک پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا ہے،جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت 180 روپے 46 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اطلاق آج رات 12 بجے سےآئندہ پندرہ روز کیلئے کیا گیا ہے۔
اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں نمایاں کمی کے بعد پاکستانیوں کو بھی پٹرول کی قیمت میں ریلیف دئیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔
خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھاجبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں3.82 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.40 پیسے کمی کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 15 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کم کی گئی تھی۔ جس کے بعدپٹرول کی قیمت 283 روپے 80 پیسے فی لٹراور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔