آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انٹیلی جنس بنیاد پر آپریشن کے دوران 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی اطلاع پر کارروائی کی ، آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے پر شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس دوران 4 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
دہشتگردوں کے قبضہ سے اسلحہ ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا، ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے ، علاقے میں مزید دہشتگردوں کی تلاش کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف کا خراج تحسین
وزیراعظم نے ضلع مستونگ میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیاہے، شہباز شریف نے فتنتہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے ، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بھارتی اسپانسرڈ دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، قوم کو بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔






















