پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ انہوں نے سابق کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کو اسٹرائیک ریٹ بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ان کی کمزوریوں پر کام کرنا ضروری ہے، خصوصاً اسٹرائیک ریٹ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مائیک ہیسن نے تسلیم کیا کہ انہوں نے بابر اعظم اور محمد رضوان کی حالیہ پرفارمنس اور اسٹرائیک ریٹ پر کھل کر بات کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید کرکٹ میں اسٹرائیک ریٹ کا اہم کردار ہے، اس لیے کھلاڑیوں کو اس پہلو پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔
ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ کھلاڑیوں کے ساتھ ایمانداری سے بات کرتے ہیں اور انہیں ان کی کمزوریوں سے آگاہ کرتے ہیں تاکہ وہ اپنی کارکردگی میں بہتری لا سکیں۔






















