مصر میں جاری ہاکی ورلڈکپ کوالیفائرز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے 8 سال بعد ہاکی ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
سیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عماد نے پہلے کوارٹر میں گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔
میچ کے دوران چوتھے کوارٹر تک جاپان کو 1-3 کی برتری حاصل تھی، تاہم پاکستانی ٹیم نے آخری کوارٹر میں شاندار کم بیک کیا۔
ابوبکر محمود، افراز اور سفیان خان نے آخری کوارٹر میں گول اسکور کر کے پاکستان کو فتح دلائی۔ اس کے علاوہ گول کیپر علی رضا نے میچ کے آخری لمحات میں جاپان کا پنلٹی اسٹروک روک کر جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آخری بار 2018 میں ہاکی ورلڈکپ میں شرکت کی تھی۔




















