راولپنڈی میں انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹرز میں برطانیہ کی معاونت سے تیار کردہ ڈیجیٹل کیس مینجمنٹ سسٹم (سی ایم ایس) کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔ اس سسٹم کی بدولت اے این ایف منشیات کے مقدمات کو کاغذی کارروائی کے بجائے مرکزی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے مؤثر اور تیز تر انداز میں نمٹا سکے گی۔
سی ایم ایس کی مدد سے کیس رجسٹریشن، شواہد کے ریکارڈ، اور لیبارٹری نتائج کو ڈیجیٹل انداز میں منسلک کیا جائے گا۔ اس سسٹم کا پائلٹ منصوبہ فروری 2025 میں شروع کیا گیا تھا اور اب اسے ملک بھر میں اے این ایف کے تمام ریجنل ہیڈکوارٹرز اور پولیس اسٹیشنز تک وسعت دے دی گئی ہے۔ یہ سسٹم ڈیٹا کی درستگی، تاخیر میں کمی اور بروقت کارروائی کو ممکن بنائے گا۔
تقریب میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، اے این ایف کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عبدالمعید ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، اور دیگر شراکت دار اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کے ساتھ سنگین اور منظم جرائم کے خلاف تعاون کو مضبوط کرنے کی برطانیہ کی پختہ وابستگی کا عکاس ہے۔ یہ سسٹم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر بنائے گا اور پاکستان و برطانیہ دونوں کو فائدہ پہنچائے گا۔
وفاقی وزیر سید محسن رضا نقوی نے تقریب کے اختتام پر کہا کہ یہ ڈیجیٹل تبدیلی اے این ایف کو زیادہ مؤثر طریقے سے بڑے پیمانے پر منشیات کے مقدمات نمٹانے کے قابل بنائے گی۔ ہم اس تعاون کو اپنی سرحدوں اور کمیونٹیز کے تحفظ کی کوششوں کا سنگِ بنیاد سمجھتے ہیں۔
سی ایم ایس کی بدولت ڈیٹا شیئرنگ، سست رپورٹس اور علیحدہ علیحدہ ریکارڈز جیسے مسائل حل ہوں گے جبکہ مستقبل میں اس میں دیگر ڈیٹا بیس اور منشیات سے متعلق مالیاتی ٹریکنگ کو بھی شامل کیا جائے گا۔ برطانیہ نے اس تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔






















