ملک کے مختلف دریاؤں اور بیراجوں پر پانی کی صورتحال سنگین ہو گئی ۔ وزارت آبی وسائل کے مطابق دریائے چناب، ستلج، راوی اور سندھ میں کئی مقامات پر اونچے اور درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت آبی وسائل کی رپورٹ کے مطابق دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر انتہائی سنگین صورتحال ہے جہاں پانی کی آمد و اخراج چھ لاکھ 66 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔ تریموں بیراج پر ایک لاکھ 78 ہزار کیوسک پانی کے ساتھ نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کی آمد و اخراج ایک لاکھ 82 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ سلیمانکی اور ہیڈ اسلام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔
دریائے سندھ میں گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کی آمد 5 لاکھ 2 ہزار اور اخراج 4 لاکھ 75 ہزار کیوسک ریکارڈ ہوا۔ دریائے راوی میں بلوکی بیراج پر پانی کی آمد 63 ہزار اور اخراج 53 ہزار کیوسک ہے جبکہ سدھنائی بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کی آمد و اخراج 78 ہزار کیوسک ہے۔






















