جلالپور پیر والا کو بچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے گیلانی بند میں شگاف ڈال دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بند توڑنے سے موضع بہادر پور شمالی،بہادر پور جنوبی، بستی لانگ، موضع کنہوں، بستی صبیرہ، کنڈیر کے زرعی علاقے متاثر ہونگے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہناتھا کہ بند کو توڑ کر 5 لاکھ کی آبادی کو بچایا جائےگا، گیلانی پل بند ہائی وے روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو ، سی پی او ملتان صادق علی ڈوگر سمیت پولیس کی بھاری نفری گیلانی بند پر موجود ہے ، وسیم حامد سندھو نے کہا کہ زیادہ رقبہ زرعی ہے' ان علاقوں میں آبادی کم ہے کم آبادی کا انخلاء کرانا شروع ہو چکا ہے۔
دوسری جانب جلال پور پیروالا میں سیلاب متاثرین کوریسکیو کرنے کیلئے چار ہیلی کاپٹرز کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سینئروزیر پنجاب مریم اورنگزیب کا جلالپور پیروالا ریلیف کیمپ میں پہلا ہنگامی اجلاس ہوا۔مریم اورنگزیب کو حفاظتی پشتوں اور سیلابی پانی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ مریم نوازکی ہدایت پر مریم اورنگزیب جلال پور پیر والا میں ریسکیو وریلیف آپریشن کی نگرانی کریں گی اور تازہ ترین صورتحال اور اقدامات کے بارے میں وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ رکھیں گی ۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہےعوام اور مویشیوں کی جان کی حفاظت اولین ترجیح ہے کوشش یہ کرنی ہے کہ کم سے کم نقصان ہوعوام کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔۔




















