اسلام آباد میں سارا انعام قتل کیس کے مدعی وکیل کے حتمی دلائل عدالتی وقت کے دوران مکمل نہ ہوسکے، جس پر سماعت ایک روز کیلئے ملتوی کردی گئی۔
اسلام آباد کی مقامی عدالت میں کیس کی سماعت سیشن جج ناصر جاوید رانا نے کی۔ مدعی وکیل راؤ عبدالرحیم نے حتمی دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا ملزم شاہنواز امیر نے اعتراف کیا کہ اپنی اہلیہ کو ڈمبل سے قتل کیا۔
مدعی وکیل کا کہنا تھا جائے وقوعہ شاہنواز امیر کا گھر تھا، سب انسپکٹر کے بیان کے مطابق انفارمیشن ملی تھی کہ شاہنواز امیر نے قتل کیا۔
مدعی وکیل نے حتمی دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا واٹس ایپ پر سارا انعام کو شاہنواز امیر نے طلاق دی، جس کے وائس نوٹ بھی موجود ہیں، شاہنواز امیر نے جائے وقوعہ سے پولیس کو خود ڈمبل برآمد کروایا۔
مدعی وکیل راؤ عبدالرحیم کے حتمی دلائل مکمل نہ ہوسکے، جس پر عدالت نے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔
مدعی وکیل کے دلائل مکمل ہونے کے بعد پراسیکیوٹر رانا حسن عباس حتمی دلائل دیں گے۔
واضح رہے کہ معروف صحافی اور تجزیہ کار ایاز امیر کے بیٹے شاہنوار امیر نے اپنی اہلیہ سارا انعام کو 22 سمبر 2022ء کو قتل کیا تھا۔