عالمی سطح پر اسرائیلی کے قطر کے دارلحکومت دوحہ پر کیئے گئے فضائی حملے کی شدید مذمت کی جارہی ہے ، جی سی سی نے بیان جاری کرتے ہوئے قطر کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کیا ہے اور قطر کے دفاع کیلئے ہر ممکن قدم اٹھانے کا اعلان کر دیاہے ۔
جی سی سی
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ اسرائیلی حملہ عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، اسرائیل کا بزدلانہ حملہ ناقابلِ قبول ہے، قطر کے خلاف جارحیت پر عالمی برادری اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے، اسرائیل کے اقدامات خطے کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، اسرائیلی افواج نے عالمی معاہدوں کی دھجیاں اڑا دیں۔ خلیج تعاون کونسل نے قطر کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا اعلان بھی کیا ۔
پاکستان
مطابق پاکستان قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، یہ اقدام بین الاقوامی امن و سلامتی کے حوالے سے اسرائیل کی عدم سنجیدگی ہے، اسرائیل کا یہ حملہ خطے کو غیر مستحکم کرنے کی پالیسی کا تسلسل ہے، ایسے اقدامات پر عالمی برادری کو خاموش نہیں رہنا چاہیے، اسرائیل کو اس کے اقدامات کا ذمہ دار ٹھہرایا جانا چاہیے۔
پاکستان کی جانب سے قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیاہے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری اسرائیل کو اس غیرقانونی اورخطرناک اقدام پر جوابدہ بنائے، پاکستان برادر ملک قطر کے عوام اور قیادت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے ، پاکستان قطر کی قومی خودمختاری و سلامتی کے دفاع میں ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔
ترکیہ
ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امن نہیں بلکہ جنگ چاہتا ہے، اسرائیل دہشتگردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے، ہم قطر کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
سعودی عرب
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی کرتے ہوئے قطری امیر سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایتے ہوئے کہا ہم قطر کے ساتھ ہیں ، قطر کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کرنے کیلئے تیار ہیں۔سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں خبردار کیا کہ اسرائیلی مجرمانہ کارروائیوں ورزیوں کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے ۔
فرانس
فرانس کے صدر میکرون نے دوحا میں اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملے ناقابل قبول ہیں، قطری عوام اور امیر قطر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
یمن
یمن کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ فلسطینی عوام کے خلاف جنگ ختم کرنے کے لیے کی جانے والی علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو کمزور کرتا ہے اور فلسطینی مسئلے کے حل کے لیے امن کی کوششوں میں رکاوٹ ہے۔
الجزائر
الجزائر کی وزارتِ خارجہ نے اسرائیل کے اس اقدام کو "وحشیانہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دنیا پر یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ قابض طاقت امن کی طرف مائل نہیں، اپنی من مانی اور تکبر کی کوئی حد نہیں سمجھتی اور دنیا کی اقوام کی جانب سے تسلیم شدہ بنیادی اقدار، اصولوں اور ضابطوں کی کوئی پروا نہیں کرتی۔
لبنان
لبنان کے صدر جوزف عون نے کہا کہ آج کے واقعات "اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے حملوں کی ایک کڑی ہیں اور یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اسرائیل خطے میں استحکام اور سلامتی کے قیام کی تمام کوششوں کو ناکام بنانے پر تُلا ہوا ہے۔
اومان
اومان نے خبردار کیا کہ اس حملے سے ایک خطرناک بگاڑ کا خدشہ ہے جو خطے کے امن و استحکام کو خطرے میں ڈالے گا اور اسے امن کے راستے سے دور کرے گا۔ عمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اپنی اخلاقی اور سیاسی ذمہ داریاں پوری کرے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کو مزید بڑھنے سے روکے۔



















