دریائے چناب نے جلالپور پیروالا میں تباہی مچادی ، سیلابی ریلے میں 100 سے زائد بستیاں ڈوب گئیں، پانی شہرکے بند تک پہنچ گیا جس کی وجہ سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا اور شہر کو بچانے کے لیے وہاڑی پل بند کو توڑ دیا گیا ، انخلا کے لیے مساجد سے اعلانات کیئے جا رہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق ریسکیو اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اب تک 2 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیاہے جبکہ مزید ایک ہزار لائف جیکٹس اور لائف رنگ پہنچا دیئے گئے ہیں۔ ریسکیو آپریشن میں ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں ، سیلابی پانی سے شہری بھی خوف کا شکار ہو گئے ہیں ۔
چناب ، راوی اورستلج کے ریلوں سے دریائے سندھ بھی بپھرنے لگا ہے ، چاچڑاں پراونچے درجے کا سیلاب ہے، بہاؤ7 لاکھ 14 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیاہے، جس میں چند گھنٹوں میں مزید اضافے کا امکان ہے ۔
کوٹ مٹھن پراونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں 9 لاکھ کیوسک کا ریلہ چند گھنٹے میں گزرے گا جس سے درجنوں دیہات زیر آب آنے کا خدشہ ہے، انتظامیہ ہائی الرٹ پر ہے ۔
ہیڈ پنجند پر پانی کے بہاؤ میں معمولی کمی دیکھی گئی ہے، 6 لاکھ 9 ہزار کیوسک سے کم ہو کر5 لاکھ 25 ہزار رہ گیا ، علی پور کی درجنوں بستیاں پانی میں ڈوب چکی ہیں، دریائے چناب کی لیاقت پور میں بھی تباہی جاری ہے جہاں 35 دیہات متاثرہوئے ۔
دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی تازہ صورتحال
محکمہ اطلاعات سندھ کے مطابق دریاؤں اور بیراجوں میں پانی کی آمد وا خراج کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے گئے ہیں، پنجند بیراج پر اپ اسٹریم میں آمد و اخراج5 لاکھ 24 ہزار 762 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ، تریموں بیراج پر پانی کی آمد اور اخراج 5 لاکھ 31 ہزار 993 کیوسک ، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 4 لاکھ 11 ہزار 161 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 98 ہزار 901 کیوسک ہے ۔ سکھربیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 50 ہزار 60 کیوسک، اخراج 3 لاکھ 23 ہزار 950 کیوسک، کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 35 ہزار 13 کیوسک اور اخراجت 2 لاکھ 31 ہزار 763 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ۔
ملتان
ملتان کی ڈمرا بستی میں سیلاب متاثرین کیلئے بنائی گئی خیمہ بستی بارش کے پانی میں ڈوب گئی ہے ، متاثرین شدید پریشان ہیں ، واسا کی گاڑی خیمہ بستی میں موجود لیکن نکاسی آب کا عمل شروع نہ ہوسکا۔ متاثرین کا کہناہے کہ بہت پریشان ہیں، خیموں میں بارش کا پانی آگیا ہے، یہاں لائٹ نہ ہونے سے بھی ہمیں پریشانی ہے۔
کہروڑ پکا
سیلاب متاثرین کے لیے لودھراں پولیس کی ریلیف سرگرمیاں جاری جاری ہیں، ترجمان پولیس کا کہناہے کہ ڈی پی او لودھراں نے حاصل والا ، موضع گول اور مختلف دریائی علاقوں کا دورہ کیا ، ڈی پی او لودھراں نے متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی، مسائل دریافت کیے، ڈی پی او نے سیلاب متاثرین میں کھانا اور ضروری سامان تقسیم کیا ، ڈی پی او نے کشتی میں بیٹھ کر سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا، پھنسے ہوئے شہریوں کو کشتی کے ذریعے ریسکیو اور کھانا فراہم کیا گیا۔
ڈی پی او لودھراں علی بن طارق نے کہا کہ سیلاب زدگان کو ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، عوام کو اس مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے، سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف سرگرمیوں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
کوٹری
کوٹری میں مسلسل ہونے والی بارش سے ریلوے کالونی میں مکان کی چھت گر گئی، چھت گرنے سے لیاقت مسیح کی دو بیٹیاں زخمی ہو گئیں ، متاثرہ خاندان اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو عمل کرنے میں مصروف ہے ، متاثرہ شخص کا کہناتھا کہ چھت گرنے سے لاکھوں روپے کا سامان تباہ ہوگیا ہے۔






















