سپریم کورٹ کا بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لیے اہم اقدام، اوورسیز لٹیگنٹس فسیلیٹیشن سیل قائم کر دیا گیا۔
سپریم کورٹ کے اعلامیے کے مطابق اوورسیز پاکستانی واٹس ایپ نمبر اور آن لائن پورٹل کے ذریعے براہ راست رجوع کر سکیں گے۔ صرف سپریم کورٹ سے متعلقہ کیسز کا ہی فسیلیٹیشن سیل میں اندراج ہو گا۔ اوورسیز سائلین میں بیرون ملک مقیم ہر شخص شامل ہوگا۔
سیل کے ذریعے درخواستیں اور شکایات جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ سپریم کورٹ میں جلد سماعت کی درخواست بھی دی جا سکے گی۔ کیس کی معلومات اور فیصلوں کی تصدیق شدہ نقول بھی آن لائن فراہم ہوں گی۔ سپریم کورٹ کے مطابق تمام ریکارڈ ڈیجیٹل طور پر محفوظ کیا جائے گا۔



















