ملک میں سیلاب کے باعث مشکل گھڑی میں مسلح افواج یوم دفاع و شہدا انتہائی سادگی سے منا رہی ہیں ، فیلڈمارشل عاصم منیر،چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سربراہ پاک فضائیہ، نیول چیف اور مسلح افواج نے بہادرشہداء اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکری قائدین نے اپنے پیغامات میں کہا ہے چھ ستمبر 1965 پاکستانی قوم کےغیرمتزلزل عزم اور جذبے کا مظہر ہے،اس تاریخی دن پر ہمارے بہادر سپاہی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے رہے،اسلحے اور تعداد میں بہت برتر دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا گیا، بہادری کے کارناموں نے پیغام چھوڑا کہ متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی،قوم شہداء،غازیوں اوران کے بہادر خاندانوں کو خراج عقیدت اور سلام پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بیرونی جارحیت،دہشتگردی اور قدرتی آفات میں مسلح افواج نے ہمیشہ قوم کا ساتھ دیا،مسلح افواج پاکستان بھر میں جاری سیلاب کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی، قوم کی طرف سے سونپی گئی مقدس ذمہ داری کو نبھانے کے عہد کا اعادہ کرتے ہیں۔امن کو خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔






















