وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بعض ممالک نے دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں ہونے والی دہشت گردی میں غیرملکی طاقتیں ملوث ہیں۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جعفر ایکسپریس حملے میں بیرونی ہاتھ ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔ بعض ممالک نے دہشت گردی کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا۔ دنیا اب ان کے جھوٹے بیانیے پر یقین نہیں کرتی۔ گھناؤنے جرائم کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو جوابدہ ہونا ہوگا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے جامع مکالمے کی ضرورت ہے۔ دہشتگردی اورانتہا پسندی پورے خطے کیلئے خطرہ ہے۔ دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چند ماہ کے دوران خطے میں افراتفری دیکھی گئی، پاکستان تمام پڑوسی ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہشمند ہے، پاکستان پورے خطے میں امن واستحکام دیکھنا چاہتا ہے، خطے میں پائیدار امن کیلئے جامع بات چیت کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایوں کے ساتھ کشیدگی کے بجائے ڈائیلاگ چاہتا ہے۔ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کے حالات دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے کیلئے کافی ہیں، پاکستان غزہ میں دو ریاستی حل کا حامی ہے۔ ایران پر اسرائیل کی بلاجواز جارحیت قابل مذمت اور ناقابل قبول ہے۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ شاندار میزبانی اور بھرپور انتظامات پر صدر اور حکومت چین کا شکرگزار ہوں، ازبکستان اور کرغزستان کو ان کے یوم آزادی پر مبارکباد پیش کرتاہوں۔ ایس سی او علاقائی تعاون و انضمام کے فروغ کیلئے پاکستان کے دیرپا عزم کی عکاس ہے۔ چین کی کامیابی صدر شی جن پنگ کی مدبرانہ اور بصیرت افروز قیادت کی عکاس ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کیلئے خودمختاری اور علاقائی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں، پاکستان ایس سی او ارکان اور ہمسایہ ممالک کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ سی پیک پاکستان اور چین کے درمیان ایک بہترین منصوبہ ہے، ہم تمام بین الاقوامی اور دوطرفہ معاہدوں کا احترام کرتے ہیں۔
ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان شدید بارشوں، گلوبل وارمنگ، کلاؤڈ برسٹ اور تباہ کن سیلاب کی لپیٹ میں ہے، سیلاب نے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع کیا ہے۔ سیلاب سے انفرااسٹرکچر،جائیداد،فصلوں اور مویشیوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ ہم سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچاؤ کیلئے نئی امید کا راستہ تراش رہے ہیں۔





















